
ایشیا کپ: 41 سالہ تاریخ میں آج پہلی بار پاکستان اور بھارت کا فائنل
ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں آج پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے ہوں گے۔
41 برس بعد دونوں روایتی حریف ایک ہی ٹائٹل کیلئے براہِ راست میدان میں اتریں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ آج شام ساڑھے 7 بجے دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
اگرچہ انڈیا پہلے ہی دو بار پاکستان کو اس ٹورنامنٹ میں شکست دے چکا ہے، لیکن فائنل اصل معرکہ ہے جس پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
شائقین کرکٹ کو مقابلے کا شدت سے انتظار ہے اور قومی ٹیم کی جیت کیلئے پُرجوش ہیں، شائقین کرکٹ نے سلمان علی آغا سے دلیرانہ قیادت کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی سے بڑی توقعات وابستہ کر لی ہیں، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب بھی امیدوں کے محور ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل جیسے حیثیت رکھنے والے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان اور بھارت اب تک کسی بھی ٹورنامنٹ میں 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آئے ہیں، یہاں بھی پاکستان بھارت سے آگے ہے، پاکستان نے 3 بار جبکہ بھارت نے پاکستان کو 2 بار فائنل میں شکست دی ہے
203 مناظر