• قومی ٹیم کی مایوس کن بیٹنگ، دوسرے ون ڈے میں بھی شکست

    میزبان نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
    ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 293 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے بعد جواب میں قومی ٹیم 208 رنز ہی بنا سکی۔
    نیوزی لینڈ نے مچل ہے کے 99 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے، پاکستانی باؤلرز نے اننگ کی شروعات میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے کیوی بیٹرز کو جارحانہ کھیل کھیلنے سے روکے رکھا۔

    نیوزی لینڈ کے اوپنر رائس ماریو 18 رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے، انہیں محمد وسیم نے آوٹ کیا، ان کے ساتھ آئے نک کیلی کو حارث رؤف نے پویلین کی راہ دکھائی، نک کیلی نے 31 رنز بنائے۔

    اسی طرح ہنری نکولس 22، ڈیرل مچل 18، کپتان مائیکل بریسویل نے 17 اور محمد عباس نے 41 رنز کی اننگ کھیلی، ناتھن سمتھ 8 اور بین سیئرز 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے مچل ہے نے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو سہارا دیتے ہوئے 78 بالز پر 99 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی اور ناٹ آوٹ رہے، ان کی اننگ میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور سفیان مقیم نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی
    پاکستان ٹیم نے ہدف کے تعاقب کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، کیوی فاسٹ باؤلرز کے سامنے اوپنرز سمیت مڈل آرڈر بھی ناکام ثابت ہوا، آدھی ٹیم صرف 11.4 اوورز میں ہی واپس پویلین لوٹ گئی، ابتدائی 5 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    عبداللہ شفیق ایک، امام الحق 3، بابر اعظم ایک، کپتان محمد رضوان 5 اور سلمان آغا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    292 مناظر