وزیر داخلہ شیخ رشید کا چمن بارڈر کچھ عرصے کیلئے بند کرنے کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے چمن بارڈر کچھ عرصے کیلئے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پاکستان کی ذمہ داریاں بڑھنے والی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پولیس سٹیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت افغانستان میں امن چاہتی ہے، طورخم بارڈر پر حالات نارمل ہیں، چمن بارڈر کو بند کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جا رہا تھا، افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کی فوٹیج دے کر ان کا منہ بند کرا دیا، وزیراعظم نے مزید 1200 سیف سٹی کیمروں کی منظوری دے دی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نون لیگ قیادت کے اپنے اپنے بیانات ہیں، ن لیگ کے صدر قومی حکومت بنانے کا کہہ رہے ہیں، ن لیگ کی دوسری رہنما کہہ رہی ہیں حکومت سے بات نہیں کرنی، حکومت کے دروازے اپوزیشن سے بات چیت کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں، اپوزیشن کو حکومت سے بات چیت کرنا پڑے گی، اپوزیشن لانگ مارچ کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے، یہ لانگ مارچ کا وقت نہیں، کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آج دنیا کے بہت بڑے عظیم انسان سید علی گیلانی نے شہادت کا رتبہ پایا، پوری قوم سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان کی شہادت پر قومی پرچم سرنگوں ہے، علی گیلانی کی تدفین کیلئے بھارت نے لوگوں کو شرکت نہیں کرنے دی، سید علی گیلانی ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہیں گے۔