سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور، ملک میں مہنگائی کا راج ہے: بلاول
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا راج ہے، عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی سلیکٹڈ حکومت آتی ہے، عوام کا خون چوستی ہے، کوئی جماعت سلیکٹڈ کا مقابلہ کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، حکومت عوام کے معاشی قتل پر اتر آئی ہے، ماضی میں کبھی غربت اور مہنگائی میں اتنا اضافہ نہیں ہوا، حکومت نے پاکستان اسٹیل بند کر کے 10 ہزار خاندانوں کو بے روزگار کر دیا، ایک ہی صوبہ ہے جہاں پبلک سروس کمیشن پر تالا لگا ہوا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کیا ہماری قسمت میں لکھا ہے کہ ہمیشہ غریب ہی رہیں گے ؟ خان صاحب روٹی، چھت، روزگار چھین رہے ہیں، ملک میں کوئی جماعت اپوزیشن کرسکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، ناکام ترین حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔