جامشورو ریلوے اسٹیشن: علامہ اقبال ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
سیالکوٹ سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی تین بوگیاں جامشوروکوٹری سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں۔ ڈاؤن ٹریک بند کر دیا گیا جبکہ کراچی جانے والی ریل گاڑیوں کو روک دیا گیا۔
معجزانہ طور پر حادثے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ اطلاع ملنے پر ریلوے کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جہاں مسافروں کو ٹرین سے نکال کر امدادی کام شروع کر دیا گیا۔ ریلوے حکام کے مطابق پٹڑی سے اترنے والی بوگیوں کو کاٹ کر ٹرین سے علیحدہ کر کے ٹرین کو اپنی منزل کی طرف روانہ کر دیا جائے گا۔
حادثے کے نتیجے میں کراچی جانے والا ڈاؤن ٹریک بند ہوگیا ہے، جس کی بحالی کا کام جاری ہے۔