پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کیلئے اہم کردارادا کیا.شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کیلئے اہم کردارادا کیا، عمران خان کو اندازہ تھا اشرف غنی غلط فہمی کا شکارہیں، افغانستان کے معاملے پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عزاداروں سےاپیل کرتے ہیں ، ایس اوپیزکا خیال رکھیں۔ افغانستان سے 613 پاکستانیوں کو واپس لا چکے، 2 روز میں تمام پاکستانیوں کو واپس لائیں گے، 60 سے 70 غیرملکی صحافیوں کو چارٹرڈ طیارے سے پاکستان لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سفارتکاروں کو ٹرانزٹ ویزہ دے رہے ہیں، وہ ایئرپورٹس سے ہی اپنےممالک میں چلے جائیں گے۔ طورخم اور چمن بارڈر پر کسی قسم کی رکاوٹ نہیں، افغانستان سے کوئی مہاجر آ رہا ہے نہ ہی ہمارے پاس اس کا کوئی انتظام ہے، بھارتی میڈیا اس حوالےسے جھوٹ بول رہا ہے۔ کسی کو پاکستان میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے، طالبان کو تسلیم کرنا یا نہ کرناعمران خان اوروزارت خارجہ کا فیصلہ ہے۔