ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر سے روک دیا: میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع
لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ جمع کرا دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ آگئی۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے 3 صفحات پر مشتمل میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی۔
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ان کی صحت سے متعلق مکمل آگاہ ہیں، لندن میں نواز شریف کا بہترین علاج ہو رہا ہے۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو لندن میں ہسپتال کے قریب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، سابق وزیر اعظم کے دل کو خون کی سپلائی کم ہو رہی ہے، نواز شریف کوزیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
میڈیکل رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نواز شریف دل، گردوں اور شوگر کی امراض میں مبتلا ہیں، ڈاکٹرز نے نواز شریف کو پارکس اور رش والے مقامات پر جانے سے روک دیا ہے، سابق وزیر اعظم کو سفر کرنے بھی اجازت نہیں۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 11 ویں میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروائی گئی ہے۔ اس سے قبل نومبر 2020ء میں میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی تھی۔