مبشر کھوکھر قتل کیس کا ملزم روز بیان بدلنے لگا
مبشر کھوکھر قتل کیس کا ملزم روز بیان بدلنے لگا، پولیس3 روز گزرنے کے باوجود ملزم سے قتل کی اصل وجہ نہ اگلوا سکی، ملزم اب تک 3 مرتبہ اپنا بیان تبدیل کر چکا ہے۔
نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل کا معاملہ، کبھی چچا کے قتل پر سزا دلوانے کا الزام تو کبھی ذاتی دشمنی کیلئے استعمال کرنے کا بیان، جمعہ کو ڈیفنس کے علاقے میں نجی فارم ہاؤس پر نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کے بیٹے کے دعوت ولیمہ کی تقریب میں فائرنگ سے ان کا بھائی ملک مبشر گوگا قتل ہو گیا جس کے بعد پولیس نے وہاں سے فرار ہوتے ملزم ناظم کو گرفتار کیا۔ ملزم ناظم نے پہلا بیان میں کہا کہ مبشر کھوکھر نے محمد منشا کے قتل میں مجھے سزا دلوانے کےلئے کردار ادا کیا، ملزم کا دوسرا بیان کہ مبشر کھوکھر نے ہمارے گاؤں میں دشمنی کے نام پر ناحق لوگوں کو قتل کرایا۔
ملزم نے تیسرا بیان دیا کہ میرے بھائی کے قتل کے بعد مبشر کھوکھر نے اپنی دشمنی نبھانے کےلئے استعمال کیا اور بعد میں پوچھا تک نہیں۔ مبشر کھوکھر خود امیر ہوگئے اور ہمیں لاوارث چھوڑ دیا۔
نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کے بھائی کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم ملک ناظم کی تصویر دنیا نیوز نے حاصل کر لی، تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے نہ صرف کٹنگ کروائی ہوئی ہے بلکہ شیو بھی کروا رکھی ہے۔
شادی سے قبل ملزم نے داڑھی رکھی ہوئی تھی، ذرائع کے مطابق تین روز گزر جانے کے باوجود سی آئی اے ملزم سے قتل کی اصل وجہ نہ جان سکی ۔ ملزم ابتک تین مرتبہ اپنا بیان تبدیل کر چکا ہے ۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سیکورٹی میں غفلت برتنے والوں کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی، ایس ایس پی آپریشنز ندیم عباس ، ایس پی آپریشنز کینٹ ساید عزیز، ایس پی سیکورٹی نے اپنے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے۔
انکوائری میں ڈی ایس پی ڈیفنس اور ایس ایچ آؤ ڈیفنس سی نے بھی پیش ہو کر بیانات ریکارڈ کروائے، اگلے مرحلے میں سی سی پی او لاہور سمیت دیگر اعلی افسران کو طلب کیا جاسکتا ہے۔