دشمنوں کو افغان امن عمل سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے. آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات افغان میڈیا کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن دشمنوں کی نشاندہی کرکے انھیں شکست دے۔ پاک افغان یوتھ فورم سے باہمی رابطوں کو فروغ ملے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے نوجوان خطے کا مستقبل ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن سے خطے میں ترقی ہوگی۔ پاک افغان بارڈر سیکورٹی دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔
افغان صحافیوں نے تبادلہ خیال کا موقع دینے پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کے لیے پاکستان کی مخلصی اور کاوشوں پر شکر گزار ہیں۔ پاکستان کا افغان مہاجرین کی میزبانی اور امن عمل میں کردار قابل قدر ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن ہماری دلی خواہش ہے۔ دشمنوں کو امن عمل متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔