پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام، بنگلادیش کو جیت کیلئے 185 رنز درکار
پاکستان کی بنگلا دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی بیٹنگ فلاپ ہو گئی، دوسری اننگز میں بھی قومی ٹیم 172 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور بنگلا دیش کو میچ جیتنے کیلئے 185 رنز کا ہدف دیا گیا ہے۔
قومی ٹیم نے 9 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی سکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی سکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان شان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی، بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہ کر سکے۔
نائب کپتان سعود شکیل 2، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 43، محمد علی صفر، ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔