کینٹ کچہری نے نذیر چوہان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا
کینٹ کچہری نے نذیر چوہان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں تفتیش اور وائس میچنگ کے لئے آج انہیں جوہر ٹاؤن کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔
نذیر چوہان نے ٹی وی چینل پر شہزاد اکبر کے حوالے سے گفتگو کی تھی جس کو جواز بناکر شہزاد اکبر نے ان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس کے بعد نذیر چوہان نے ایک بار داتا دربار اور دوبار تھانے پیش ہو کر گرفتاری دینے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے انکو گرفتار نہیں کیا تھا۔
ترین گروپ کے ارکان اسمبلی نے اس معاملے پر ٹیلی فونک رابطے کئے ہیں۔ سیاسی اور قانونی لائحہ کے لئے مشاورت شروع کر دی۔ لاہور میں موجود ترین گروپ کے ارکان کی بیٹھک کا بھی امکان ہے، جس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔