عید کے دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری
قرب الہی کے حصول کیلئے ملک بھر میں آج بھی ہزاروں جانوروں کو قربان کیا جا رہا ہے، جو لوگ گذشتہ روز قربانی نہیں کر پائے آج عید کے دوسرے دن مقدس فریضہ سر انجام دینے میں مصروف ہیں۔ قربانی کے ساتھ ساتھ چٹ پٹے پکوان تیار کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غربا اور مسکینوں میں گوشت تقسیم کر کے مسلمان قربانی کی حقیقی روح کے مطابق عمل کر رہے ہیں۔
قربانی کیلئے شہری یا تو جانوروں کو پالتے ہیں یا پھر منڈی سے من پسند جانوروں کا انتخاب کرتے ہیں تاہم ان جانوروں کو جب اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا وقت آتا ہے تو اصلی قصائی کا ملنا محال ہو جاتا ہے، ایسے میں دیہاڑی دار اناڑی قصائی بھی میدان میں آ جاتے ہیں، جو ایک طرف جانوروں کو ذبح کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے تو دوسری طرف وہ اس مقدس مذہبی فریضے کی ادائیگی کے شرعی تقاضوں سے بھی لا علم ہوتے ہیں، اس صورتحال میں اناڑی قصائیوں کی وجہ سے قربانی کے جانوروں کو مختلف اذیتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عید قرباں کے دوسرے روز بھی فرزندان توحید سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کو اللہ تعالی کی راہ میں قربان کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔