بھارتی وزیرخارجہ کا اعتراف، پاکستان کا معاملہ فیٹف صدر کے سامنے اٹھانے پر غور
بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر کے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ میں رکھنے کے کیلئے دباو ڈالنے سے متعلق اعتراف پر پاکستان نے بھارتی منفی کردار کا معاملہ فیٹف صدر کے سامنے اٹھانے پر غور شروع کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر کا پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کے بارے متنازع بیان آیا ہے، بھارت نے فیٹف عمل کو ہمیشہ نقصان پہنچایا۔ جے شنکر کے بیان نے مودی سرکار کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت کےایف اےٹی ایف کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کا معاملہ اٹھاتا رہا ہے، پاکستان فیٹف ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے تعمیری اور مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، پاکستان نے بھارت کے دہرے معیار کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نےایف اے ٹی ایف اہداف پر پاکستانی پیشرفت پر شکوک وشبہات پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پاکستان بھارت کے حالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف اور بین الاقوامی برادری کے سامنے رکھے گا، ایس جے شنکرکاحالیہ اعتراف بھارت کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ خاتمے کیلئے پاکستان کے ٹھوس، قابل تصدیق اقدامات کو ایف اے ٹی ایف نے سراہا، پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کےتعاون سے ایف اےٹی ایف اہداف کےحصول کیلئےپرعزم ہے، بین الاقوامی معیارات کے مطابق منی لانڈرنگ، ٹیررفنانسنگ کی روک تھام پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے، بھارت کی پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں کبھی پوری نہیں ہوں گی۔