
بھارت سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا میچ ہارنے کے بعد قومی ٹیم آج کمزور کینیڈا کیخلاف زور آزمائے گی
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان اور کینیڈا کی ٹیمیں نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔
قومی ٹیم کی سپر 8 مرحلے میں رسائی مشکل
امریکا اور بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کی سپر 8 مرحلے میں رسائی مشکل نظر آتی ہے، دو میچ ہارنے کے بعد پاکستان کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے اب دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا ہو گا، پاکستان کو رسائی کیلئے بقیہ دو میچ جیتنا اور امریکا کا دونوں میچ ہارنا لازمی ہے۔
پاکستان کو اگلے دو میچز کینیڈا اور آئرلینڈ کیخلاف کھیلنا ہیں جبکہ امریکا کو بھارت اور آئرلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے، میزبان اگر ایک میچ اور جیت گیا تو وہ سپر 8 کیلئے کوالیفائی کر لے گا، امریکا کیخلاف آئرلینڈ اور بھارت کی فتح کی صورت میں پاکستان کا آئرلینڈ کیخلاف میچ ناک آؤٹ ہو گا۔