این سی او سی فیصلوں پر عملدرآمد،کل سے پنجاب بھر میں سینما ہالز کھولنے کا فیصلہ
این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سینما ہالز کل سے کھول دیئے جائیں گے۔ ویکسین لگوانے والے افراد کو ہی فلم دیکھنے کی اجازت ہوگی۔
کاروباری مراکز کے اوقات بھی رات 10 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پٹرول پمپس، میڈیکل سٹورز اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے کاروبار 24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت جبکہ ان ڈور پر 50 فیصد کی پابندی عائد ہوگی۔ صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو ہی ان ڈور ڈائننگ کی سہولت حاصل ہوگی۔
شادی کی آؤٹ ڈور تقریب میں 400 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی، 200 ویکسی نیٹڈ افراد ان ڈور شادی کی تقریب میں شریک ہو سکیں گے۔ ایس او پیز کے اطلاق کے ساتھ مزارات کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دیدی گئی۔ ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد کی گنجائش کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
تفریحی مقامات اور سوئمنگ پولز 50 فیصد کی گنجائش کیساتھ کھولے جاسکیں گے۔