تعین کرنا ہوگا ایف اے ٹی ایف ایک تکنیکی فورم ہے یا سیاسی ؟: شاہ محمود قریشی
شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تعین کرنا ہو گا کہ ایف اے ٹی ایف ایک تکنیکی فورم ہے یا سیاسی ؟ تسلیم کیا گیا کہ ہم نے 27 میں سے 26 نکات پر مکمل عملدرآمد کیا، ایسی صورت حال میں گرے لسٹ میں رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں بنتی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دیکھنا ہو گا کہ اس فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے تو استعمال نہیں کیا جا رہا ؟ جہاں تک تکنیکی پہلوؤں کا تعلق ہے تو ہمیں 27 نکات دیے گئے، وہ خود تسلیم کر رہے ہیں کہ 27 میں سے 26 نکات پر ہم نے مکمل عملدرآمد کر لیا، ستائیسویں نکتے پر بھی کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ، ایسی صورت حال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں بنتی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بعض قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ پاکستان کے سر پر تلوار لٹکتی رہے، ہم نے جو بھی اقدامات اٹھائے وہ اپنے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اٹھائے، ہمارا مفاد کیا ہے ؟ ہمارا مفاد یہ ہے کہ منی لانڈرنگ نہیں ہونی چاہیئے، پاکستان کی منشاء یہ ہے کہ ہم نے دہشت گردی کی مالی معاونت کا تدارک کرنا ہے، جو بات پاکستان کے مفاد میں ہے وہ ہم کرتے رہیں گے۔