500 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈر دینے جا رہے ہیں: فواد چودھری
فواد چودھری نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی تجاویز کا انتظار ہے، پانچ سو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈر دینے جا رہے ہیں، طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مسلم ممالک کو انتہا پسندی کا طعنہ دینے والے اپنے اندر جھانکیں، مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا سرایت کر گیا، مغرب میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا تدارک کیا جائے، وزیراعظم واحد لیڈر ہیں جو اسلامو فوبیا پر بات کر رہے ہیں، پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی تجاویز کا انتظار ہے، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں، انتخابی اصلاحات سے متعلق بل قومی اسمبلی میں ہے، ن لیگ نے تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کر دی، ن لیگ نے پٹیشن دائر کر دی ہے، ن لیگ کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے پر پیپلزپارٹی کے مؤقف کا انتظار ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی، طارق ملک کو نادرا کے نظام کی پہلے سے سمجھ ہے، طارق ملک نادرا کی تنظیم نو کر پائیں گے، موجودہ حکومت نے 60 سے زائد اداروں کے سربراہ تعینات کیے، حکومتی کوششوں سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن خسارے سے باہر آگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے قومی ترانے کی دوبارہ سے ریکارڈنگ کی منظوری دی، پہلے قومی ترانے کی اینا لوگ ریکارڈنگ ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیر قانون نے فوجداری قوانین میں اصلاحات سے متعلق وزیراعظم کو بریف کیا، وزیر خارجہ ہوائی اڈوں سے متعلق سینیٹ میں پالیسی بیان دے چکے ہیں۔