اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آج سے آغاز
اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آج سے آغاز ہوگیا۔ این سی او سی نے سال کے آخر تک سات کروڑ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
گزشتہ روز این سی اوسی کے دو خصوصی سیشن وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت ہوئے جس میں میڈیا، چیمبرز آف کامرس اور پاکستان بزنس کونسل کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام شرکا نے این سی اوسی کی جانب سے جاری ماس ویکسی نیشن مہم میں اپنا مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اسد عمر نے کہا حکومت کے صحیح فیصلوں کی وجہ سے اس سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد اور اگلے سال میں 6 فیصد متوقع ہے، حکومت نجی شعبے کے تعاون سے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ تاجر برادری اور ان کے ملازمین و اہل خانہ کو ویکسین لگائی جائے جس سے کورونا کا پھیلاؤ رکے گا اور تمام کاروبار کھولنا ممکن ہونگے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانے کے لئے ملک میں ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد کو موجودہ 1700 سے بڑھا کر 4000 سے زائد کرنا چاہتی ہے، چیمبر کے تعاون سے سینٹارس اسلام آباد میں نجی شعبے کا پہلا ویکسی نیشن سنٹر قائم کیا جائے گا جس میں مرد اور خواتین کیلئے الگ کاؤنٹر ہوں گے اور اس سنٹر کے ذریعے تاجر برادری، ملازمین اور گاہکوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے تمام سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی قرار دے دی، ملازمین کو 30 جون تک مہلت دی گئی ہے، پنجاب حکومت نے تمام صوبائی محکموں اور اداروں کیلئے ویکسینیشن سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا۔