شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل، بیرون ملک جانے پر پابندی ہے: شہزاد اکبر
شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے، انہیں اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے درخواست دینا پڑے گی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست وفاقی کابینہ کے سامنے رکھی جائیگی، شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کا معاملہ ختم ہو چکا، حکومت نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپنی اپیل واپس لے لی ہے جس کے بعد سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا نام چونکہ اب ای سی ایل پر ہے، انہوں نے اپنی پٹیشن ہائیکورٹ سے واپس لے لی ہے، لہذا ٹیکنیکلی سپریم کوررٹ میں حکومتی اپیل کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے، کیونکہ درخواست کا مقصد پہلے ہی پورا ہو چکا ہے۔