آئندہ مالی سال محکمہ صحت کا بجٹ 300 ارب سے بڑھا دیا جائے گا: یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال محکمہ صحت کے دونوں شعبوں کا بجٹ 283 ارب روپے سے بڑھا کر 3 سو ارب سے زیادہ کیا جائے گا، دسمبر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ مہیا کر دئیے جائیں گے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ اور منصوبوں پر دنیا نیوز سے با ت کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے دونوں شعبوں کیلئے آئندہ مالی سال کا بجٹ 3 سو ارب سے زیادہ کا ہو گا، ہیلتھ انشورنس کے بجٹ کو 100 ارب روپے تک کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 52 لاکھ فیملیز کو ہیلتھ انشورنس کارڈ مہیا کیے جا چکے ہیں، دسمبر تک پنجاب کے تمام خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ مہیا کر دئیے جائیں گے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال میں لاہور میں 5 سو بیڈز کا جدید ترین ہسپتال اور چائلڈ ہیلتھ یونیورسٹی بنانے جا رہے ہیں۔ 9 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب میں خون کی بیماریوں کا انفیکشن ڈیزیز کا ہسپتال بنائیں گے۔ سابقہ حکومتوں کے منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے بھی بجٹ سے پیسے دیئے جائیں گے۔