شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے آئی ایم ایف پر بیان حیرت انگیز ہے: فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج تک پاکستان نے آئی ایم ایف سے 13.79 ارب ڈالر قرض لیا، ان میں سے پیپلزپارٹی نے 47 فیصد اور نون لیگ نے 35 فیصد قرضے اٹھائے، باقی تمام حکومتوں نے مل کر 18 فیصد قرضہ لیا۔ فواد چودھری نے شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو مشورہ دیا ہے کہ بات کرنے سے پہلے سوچ لیا کریں گے تاکہ شرمندگی سے بچ سکیں۔
دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملکی معیشت کی بہتری پر بھی پروپیگنڈا سمجھ سے باہر ہے، ملکی معیشت کی تباہی کی سب سے بڑی ذمہ دار ن لیگ کا معیشت کی بہتری کو منفی رنگ دینا بے شرمی کی انتہا ہے، معاشی حالات میں بہتری پر پرچی شہزادے کی میں نہ مانوں کی گردان خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معیشت کی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں، اپوزیشن خصوصا کرپٹ پی ڈی ایم ٹولے کی مفاد پرستی پر مبنی فیملی لمیٹڈ سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے، عوام کی طاقت سے اپوزیشن کا ہر منفی پروپیگنڈا زائل کرتے ہوئے ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔