30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کیلئے آج سے واک ان کی سہولت
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات اسدعمر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اگر آپ 30 سال یا زائد عمر کے ہیں تو ویکسین کے لیے رجسٹرڈ کروائیں، خود کو رجسٹرڈ کرا کر ویکسی نیشن مرکز جائیں اور ویکسین لگوائیں، 50 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
ادھر این سی او سی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب تعلیمی اداروں کے 18 سال سے زائد عمر کے اساتذہ بھی رجسٹریشن کے ذریعے واک ان ویکسی نیشن کروا سکیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 73 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 680 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 16 ہزار 239 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 482 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 38 ہزار 377، سندھ میں 3 لاکھ 15 ہزار 410، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 31 ہزار 775، بلوچستان میں 25 ہزار 1، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 561، اسلام آباد میں 81 ہزار 7 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 108 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 31 لاکھ 13 ہزار 393 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 ہزار 442 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 36 ہزار 702 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 83 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 73 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 680 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 960، سندھ میں 5 ہزار 3، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 43، اسلام آباد میں 755، بلوچستان میں 273، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 539 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔