کوئٹہ: سی ٹی ڈی سے فائرنگ تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک، گولہ و بارود برآمد
کوئٹہ کے نواحی علاقے میں سی ٹی ڈی فورس کا سرچ آپریشن مکمل ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
کوئٹہ کے نواحی علاقے اغبرگ میں خفیہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی فورس سمیت دیگر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا، کئی گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے بعد دہشتگردوں کے زیر استعمال کمپاونڈکی تلاشی کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کاتبادلے میں چار مبینہ دہشتگرد ہلاک اور دو فرار ہو گئے، مبینہ دہشتگردوں کے زیر استعمال کمپاونڈ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بتایا جاتا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مبینہ دہشتگرد فورسز پر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور کوئٹہ میں مزید دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے اکٹھے ہوئے تھے جو سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد ناکام بنادی گئی، سکیورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لیکر مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔