عمران خان جھوٹ سے معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے عمران خان معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، مرغیوں، انڈوں، بھینسوں اور کٹوں کی مارکیٹنگ سے ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کیلئے پرانی مردم شماری کے اعدادوشمار کا استعمال کیا، ملک میں جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، عمران خان نے 90 روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا کہا تھا، آج ایک ہزار 11 واں دن ہے، ملکی معیشت کب ٹھیک ہوگی؟۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام سے آج تک جتنے وعدے اور دعوے کئے، کسی ایک کو بھی پورا نہ کرسکے، ایک زرعی ملک کے صرف غذائی اجناس کے درآمدی بل میں 53 فیصد تک کا اضافہ حکومتی معاشی کارکردگی پر ایک طمانچہ ہے، عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا، حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، عمران خان مہنگائی کے سونامی کی تباہی کا شکار عوام کے سامنے سرنڈر کر کے جھوٹے دعوے کرنے پر معافی مانگیں۔