وزیراعظم کا چینی ہم منصب کو فون، پاک چین تعلقات کی 70 ویں سالگرہ پر مبارکباد
وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی، دونوں رہنماؤں نے کورونا ویکسین کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب اور چینی قیادت کو مریخ کے کامیاب مشن پر مبارکباد دی اور کہا کہ مریخ پر چینی سیارے کی کامیاب لینڈنگ چین کی ٹیکنالوجی پاور کا ثبوت ہے، پاک چین تعلقات سدا بہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں بدل چکے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، یہ منصوبہ اقتصادی سرگرمی، ملازمتوں کے مواقع، دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا باعث بنا، سال 2021 پاک چین تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کا خصوصی موقع ہے، دونوں ممالک پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 سالگرہ کو بھرپور انداز میں منائیں گے۔
وزیراعظم نے کورونا سے نمٹنے کے لیے پاک چین تعاون پر روشنی ڈالی، عمران خان نے انسداد کورونا ویکسین کی مسلسل فراہمی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں قومی ادارہ صحت میں ویکسین تیاری کیلئے چین تعاون کو سراہا۔ عمران خان نے اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔