عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری، پٹرول1.93 روپے مہنگا کرنے کی تجویز
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کر لی گئی، پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 93 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
عوام کے لیے بری خبر، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے نوے پیسے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے، اوگرا نے اضافے سےمتعلق ورکنگ پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، اوگرا نے اپنی ورکنگ میں پٹرول کی قیمت میں ایک روپے ترانوے پیسے فی لٹر اضافہ تجویز کیا ہے، ہائی سپیڈ ڈٰیزل کی قیمت میں تین روپے پینتیس فی لٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے نوے پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل دو روپے اکانوے پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، اوگرا کی ورکنگ پر پٹرولیم ڈویژن اور وزارت خزانہ مشاورت کے بعد وزیر اعظم سے نئی قیمتوں کی حتمی منظوری لیں گے۔ قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی منظوری وزیر اعظم عمران خان دیں گے، وزارت خزانہ کی جانب سے آج رات نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔