فیض آباد دھرنے کے ذمے داروں کے تعین کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم
وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے 6 فروری 2019ء کے فیصلے پر عملدرآمد اور دھرنے کے ذمے داران کے تعین کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری دفاع، ڈائریکٹر آئی ایس آئی شامل ہیں، کمیٹی طے شدہ ٹی او آرز کے تحت انکوائری کرے گی۔
اس حوالے سے اٹارنی جنرل نے عمل درآمد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔
اٹارنی جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 6 فروری 2019ء کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، رپورٹ میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں شامل افراد کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی فیض آباد دھرنے سے متعلق شواہد اکٹھے کرے گی اور حاصل شواہد و دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لے گی، اس حوالے سے قائم کی جانے والی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی گواہان کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی فیض آباد دھرنا کیس کے ذمے داران اور ہینڈلرز کا تعین کرے گی، کمیٹی تعین کرے گی کہ فیض آباد دھرنا کیس میں کس نے احکامات دیئے اور مینیج کیا تھا، کمیٹی تحقیقات کے بعد تجاویز پر مبنی رپورٹ جمع کرائے گی۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی یکم دسمبر تک رپورٹ وزارتِ دفاع کو جمع کرائے گی، کمیٹی کو اگر مزید وقت درکار ہوا تو وزارتِ دفاع سے رجوع کرے گی۔