پی ٹی آئی وفد کی فضل الرحمان سے ملاقات
ملکی سیاسی صورت حال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی) کے رہنما مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے وفد کی صورت میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، ملاقات میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، علی محمد خان ، بیرسٹر سیف اور جنید اکبر شامل تھے
ملاقات مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ میں ہوئی، وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال سمیت اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کے پیچھے نماز بھی ادا کی
گزشتہ دنوں مولانا فضل الرحمان کی اسحاق ڈار، آصف علی زرداری اور محمد علی درانی سے بھی ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے لیے گنجائش پیدا کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ 2018 کے بعد پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کا وفد جے یو آئی قیادت سے ملا ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سمیت سب کی مرضی اس ملاقات میں شامل تھی، آج ہم فاتحہ خوانی کے لیے آئے تھے اور یہ ہمارے کلچرکا حصہ ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اگر کبھی غم خوشی ہو تو ایک دوسرے کا غم بانٹنا ہمارے کلچر کا حصہ ہے، آج کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب سے باضابطہ طور پر پہلی ملاقات تھی، مولانا صاحب کی خوشدامن کی وفات پر تعزیت کے لیے ان کےگھرگئے تھے، ملاقات کا دورانیہ 1گھنٹے تک رہا، مغرب کی نماز مولانا صاحب کے ہمراہ ادا کی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ جب بھی بیٹھتے ہیں تو ملکی سیاسی صورت حال پربات ہوتی ہی ہے، مولاناصاحب کہہ چکے ہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ایسا سلوک ٹھیک نہیں، تمام سیاسی رہنماؤں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں الیکشن دیےگئے وقت کے مطابق صاف اور شفاف ہونے پر گفتگو ہوئی، افغان مہاجرین کے انخلا سے متعلق بھی گفتگو ہوئی ،مستقبل قریب میں مزید ملاقاتوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔