محسن رضا نقوی رات گئے سرپرائز دورے پر اوکاڑہ پہنچ گئے
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی رات گئے سرپرائز دورے پر اچانک اوکاڑہ پہنچ گئے، انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ ایم ایس، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او وزیر اعلیٰ کے بعد ہسپتال پہنچے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے ایمرجنسی، سرجیکل، کارڈیک، میڈیکل، لیب، ٹراما سنٹر اور ڈائلسز سنٹر کا معائنہ کیا، انہوں نے بچہ وارڈ، سی ٹی سکین اور دیگر شعبوں کا بھی جائزہ لیا، محسن رضا نقوی نے مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔
محسن رضا نقوی نے مریضوں، تیمار داروں سے مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا، مریضوں اور تیمارداروں نے مجموعی طور پر مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت پر اطمینان کا اظہار کیا، بعض نے ادویات باہر سے منگوانے اور ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایات کیں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور سیکرٹری صحت کو موقع پر ہی فون کر کے ٹراما سنٹر کا نظرثانی شدہ پلان جلد تیار کرنے، ڈائلسز سنٹر کی کئی برس پرانی مشینوں کو فوری تبدیل کر کے 15 نئی مشینیں خریدنے کی ہدایت کر دی۔