تعلیم آپشن نہیں ضرورت، طلبہ پر فرض ہے ملکی مسائل کا حل تلاش کریں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ تعلیم آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، طلبہ پر فرض ہے کہ وہ ملکی مسائل کا حل تلاش کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نسٹ کے سالانہ کانووکیشن میں شرکت کی، نسٹ کا سالانہ کانووکیشن یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقد کیا گیا، چیئرمین نسٹ بورڈ آف گورنرز چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علموں کو اعزازات عطا کئے، آرمی چیف نے گریجویٹ طلبہ، والدین اور اساتذہ کو دلی مبارک باد بھی دی، کانووکیشن ویک میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علموں کو ڈگریاں عطا کی گئیں، نسٹ کے 3500 طلبہ کو 7 مختلف ڈسپلنز میں ڈگریاں دی گئیں۔
آرمی چیف نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج طلبہ کی زندگیوں میں نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے، تعلیم ایک آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، چیلنجز کے حل کے لئے فکری وسائل کو بروئے کار لائیں، طلباء پر فرض ہے کہ وہ ملکی مسائل کا حل تلاش کریں۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ یہ دن تبدیلی سے زیادہ ذمہ داری کے اظہار کا متقاضی ہے۔