سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت آج ہوگی
سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربنچ سماعت کرے گا ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی بنچ میں شامل ہوں گے۔
اس سے قبل فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کی آخری سماعت 3 اگست کو ہوئی تھی ۔
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کی آخری سماعت سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں چھ رکنی بنچ نے کی تھی ۔
گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کروائی تھی کہ عدالت کو آگاہ کئے بغیر ٹرائل شروع نہیں ہوگا ، اٹارنی جنرل کی یقین دہانی کو سپریم کورٹ نے 3 اگست کی سماعت کے تحریری حکمنامہ میں شامل کیا تھا ۔
وفاقی حکومت نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل شروع ہونے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی ہے جبکہ 9 ملزمان نے تحریری درخواستیں دائر کردی ہیں۔
ملزم یاسر نواز کے بھائی نے سپریم کورٹ سے فوجی عدالتوں کا ٹرائل معطل کرنے کی استدعا کردی۔