• ارشد شریف قتل کیس: سپریم کورٹ کا ایس جے آئی ٹی بنانے کا حکم

    اشتہارات
  • اسرائیل کا غزہ پر زمینی حملہ حماس نے پسپا کر دیا

    فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کا غزہ پر زمینی حملہ پسپا کر دیا ہے، اس جھڑپ میں اسرائیل کا ایک ٹینک اور دو بلڈوزر تباہ ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونےکی کوشش ناکام ہوگئی، حماس نے دعوی کیا ہے کہ غزہ کے سرحدی علاقے خان یونس کے قریب اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کی پسپائی کے بعد صیہونی فوجی اپنی گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    اسرائیلی فوجی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ایک ٹینک نے غلطی سے غزہ کی پٹی کے باہر مصری پوزیشن کو نشانہ بنایا۔

    عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ اور اسرائیل کے درمیان آہنی باڑھ کی مرمت کے لیے جانا چاہتی تھی کہ اسرائیلی فوج کا ٹینک فلسطینیوں کے نرغے میں آگیا اور اسرائیلی فوج فائرنگ کی زد میں آکر ٹینک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئی۔

    دوسری جانب صیہونی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 266 فلسطینیوں کو شہید کیا ، شہدا میں 117 بچے بھی شامل ہیں ، جنگ سے متاثر ہونے والوں میں 70 فیصد بچے،خواتین اور بزرگ شامل ، 2ہزار کے قریب بچے،ایک ہزار سے زائد خواتین اور 21 صحافی شہید ہوچکے ہیں ۔

    غزہ پر فضائی حملوں کے بعد اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے پر بھی فضائی حملے شروع کردیے ہیں۔
    صیہونی فضائیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین کے پناہ گزین کیمپ کی مسجد کو نشانہ بنایا جس میں 2 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، صیہونی فورسز کے ہاتھوں مغربی کنارے میں بھی 90 فلسطینی شہید ہوئے ہیں ۔

    گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ انھوں نے مقبوضہ غرب اردن کے جنین میں ایک ’دہشت گرد کمپاؤنڈ‘ پر حملہ کیا ہے جس میں مبینہ طور پر ایک مسجد کے اندر حماس کا ایک سیل بھی شامل تھا۔

    قبل ازیں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این ڈبلیو آر اے) نے کہا تھا کہ غرب اردن کے نور شمس پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

    اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملے بڑھانے کا اعلان بھی کررکھا ہے ، بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں میں شدت آئے گی جبکہ اسرائیلی فوج متوقع زمینی حملے کی تیاری کر رہی ہے۔

    علاوہ ازیں اقوا م متحدہ کے اداروں نے غزہ کیلئے فوری طور پر ایندھن کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ، اقوام متحدہ کےا دارے کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں ایندھن ختم ہونے والا جس کے باعث 130شیر خوار بچوں کی زندگی خطرے میں پڑ جائیگی جو مختلف ہسپتالوں کے انکیوبیٹرز میں موجود ہیں ۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ اس وقت سنگین بحران سے گزر رہا ہے اور عام شہریوں کی مدد کے لئے روزانہ 100 امدادی ٹرکوں کی اشد ضرورت ہے۔

    Advertisements
    76 مناظر