نوازشریف پاکستان پہنچ گئے، طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا
قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد آج وطن پہنچ رہے ہیں، ان کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔
نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ کنٹرول ٹاور کے رابطے میں آگیا، ایئرپورٹ کنٹرول روم کی جانب سے طیارہ کو ویلکم کیا گیا۔
قبل ازیں نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ دبئی ایئرپورٹ سے ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر سے 10 بجکر 42 منٹ پر روانہ ہوا۔
قائد مسلم لیگ ن کی دبئی سے اسلام آباد خصوصی پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے جس کے تحت نوازشریف کا جہاز تقریباً ایک بج کر 50 منٹ پر اسلام آباد میں لینڈ کرے گا، سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آ رہے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم کے خصوصی چارٹر طیارے کو فضائی حدود کے استعمال اور لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے، قانونی ٹیم میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سمیت دیگر شامل ہوں گے، نواز شریف کو دونوں کیسز سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
نوازشریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے، اعظم نذیر تارڑ نواز شریف کے ہمراہ لاہور پہنچیں گے، امجد پرویز سمیت قانونی ٹیم کے دیگر ممبرز اسلام آباد میں ہی رکیں گے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔