میاں نواز شریف کی چار سال بعد آج وطن واپسی
مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف چار سال بعد آج وطن واپس پہنچیں گے، سابق وزیر اعظم کے خصوصی چارٹر طیارے کو فضائی حدود کے استعمال اور لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ نگ کی اجازت مل گئی۔
نوازشریف کی پرواز دبئی ایئر پورٹ سے صبح 9 بج کر 25 منٹ پر روانہ ہو گی، کارکنوں اور صحافیوں سمیت 194 افراد جہاز میں سوار ہوں گے، طیارہ دن ساڑھے 12 بجے اسلام آباد میں لینڈ کرے گا، اسلام آباد میں ایک گھنٹہ قیام کے دوران سابق وزیر اعظم قانونی مشاورت کریں گے جس کے بعد وہ لاہور کیلئے روانہ ہوں گے اور مینار پاکستان پہنچ کر استقبالی جلسے سے خطاب کریں گے۔
وطن واپس پہنچنے پر پارٹی کی جانب سے نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جائے گا، سابق وزیر اعظم کی آمد پر لاہور شہر پر پھول نچھاور کئے جائیں گے، سیسنا طیارے لاہور پر پھول گرائیں گے، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے نجی فضائی کمپنی سے رابطہ کیا جسے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت بھی دے دی ہے، نواز شریف کی آمد پر ڈیڑھ گھنٹے تک دو طیارے شہر پر پھول برسائیں گے۔
دبئی میں ایک روزہ قیام کے دوران محمد نواز شریف سے اعلیٰ شخصیات کی ملاقات ہوئی جن میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے فون کر کے نواز شریف کو استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی، سابق وزیر اعظم کے مینار پاکستان پر استقبال کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز مینار پاکستان پر نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے رات گئے جلسہ گاہ پہنچ گئیں، سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی نے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کا معائنہ کیا، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی ان کے ہمراہ تھے۔
نواز شریف کے استقبال کیلئے مختلف علاقوں سے آئے لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے، پنڈال میں پارٹی پرچموں کی بہار، سٹیج پر بڑی سکرین لگا دی گئی، جلسہ گاہ اور اس کے اطراف قائد (ن) لیگ کی تصاویر والے خیر مقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں پارٹی ترانے بجائے جا رہے ہیں جبکہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔