دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید 4 فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
شمالی و جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے 4 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 4 فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، شہدا میں لانس نائیک تبسم الحق، سپاہی نعیم اختر، سپاہی عبدالحمید اور سپاہی فرمان علی شامل تھے۔
تمام شہدا کل شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں دہشت گردوں سے لڑتے شہید ہوئے تھے، شہدا کی اپنے، اپنے آبائی علاقوں میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، شہدا کی نماز جنازہ میں فوجی افسران، شہدا کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے مزید کہا کہ جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہمارے عزم کی عکاس ہیں، وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔