پنجاب: سی ٹی ڈی کی کارروائی، داعش کےاہم کمانڈرز سمیت 9دہشتگرد گرفتار
دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 157 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد گرفتار کرلیے ۔
ترجمان کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) کے مطابق کارروائیاں لاہور ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب ، رحیم یار خان ، شیخوپورہ اور راولپنڈی میں کی گئیں ، لاہور کے سرحدی گاؤں سے داعش کے 2 اہم کمانڈرز بھی گرفتار کیے گئے ہیں ۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، 12 ڈیٹو نیٹرز، پرائما کارڈ، موبائل فون، اسلحہ اور نقدی برآمد کی گئی ہے ۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں کی شناحت رؤف، زبیر، ضیاء ، وقار، امین، مسعود، سرفراز، حمید خان اور شاہد کے نام سے ہوئی ہے ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ، دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق رواں ہفتے 990کومبنگ آپریشنز کے دوران 134 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ کومبنگ آپریشنز میں 41411 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔