آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے بآسانی شکست دیدی۔
بھارت کے شہر لکھنؤ کے رن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی کے دسویں میچ میں آسٹریلوی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا،جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے۔
312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم40.5 اوورز میں 177 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 3، کیشو مہاراج ، مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 2،2 جبکہ لونگی نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر 13 رنز بنا کر لونگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ مچل مارش 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سٹیون سمتھ بھی ٹیم کو سہارا دینے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو جبکہ جوش انگلس5 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، دیگر کھلاڑیوں میں مارکس سٹوئنس5 اور گلین میکسویل 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔
