بھارت میں مزید 3 ہزار 982 افراد کورونا سے ہلاک، 4 لاکھ 12 ہزارمریض سامنے آ گئے
بھارت میں مہلک وبا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، مزید 3ہزار 982 افراد لقمہ اجل بن گئے، 4 لاکھ بارہ ہزار سے زائد نئے مریض بھی سامنے آ گئے،مودی کی آبائی ریاست گجرات کے ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان سے صورت حال سنگین ہوگئی۔
بھارت میں کورونا آوٹ آف کنٹرول، مزید 3 ہزار 982 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ مہلک وائرس کے ریکارڈ 4 لاکھ 12 ہزار 618 نئے کیسز بھی سامنے آئے۔
بھارت بھر کے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کےفقدان سے صورتحال سنگین ہوگئی۔ آکسیجن سلنڈرز کی کمی کا بڑا مسئلہ بدستور قائم ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق ملک میں لاتعداد لوگ مر رہے ہیں اور مودی اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان پر ذمہ داری نہ آئے۔ حکومت کی ناکامیوں پر تنقید ہو تو سخت برہمی کا اظہار کیا جاتا ہے، مشوروں کا بھی مذاق اڑایا جاتا ہے۔
مودی کی آبائی ریاست گجرات کے ہسپتالوں میں صورت حال انتہائی ابتر ہے، احمد آباد کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بیڈز کم پڑ گئے ہیں، مریضوں کا علاج ایمبولینس میں ہی کیا جارہا ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے ان کے مریض کو وہیل چیئر تک نہ مل سکی۔