ایشیا کپ : پاک سری لنکا اہم میچ سے قبل بارش، ٹاس تاخیر کا شکار
ایشیا کپ ون ڈے میں آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اہم میچ کھیلا جانا ہے لیکن کولمبو میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ایشیا کپ سپر فور کا اہم میچ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلا جارہا ہے، آج ہونے والا میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے، پاکستان کو فائنل تک رسائی کیلئے ہر صورت میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔
پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہے، بارش کے باعث گراؤنڈ سٹاف نے پچ سمیت پورے گراؤنڈ کو کور سے ڈھانپ دیا ہے۔
واضح رہے کہ اگر اس میچ کے دوران مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا اور میچ نہ ہوسکا تو پاکستان اور سری لنکا کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، اس طرح دونوں کے تین تین پوائنٹس ہوجائیں گے لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سری لنکا فائنل کے لیے کوالیفائی کرجائے گا۔
پاکستانی سکواڈ
سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، امام الحق، محمد رضوان،افتخار احمد، محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان شامل ہیں۔