Site icon Meritnews

عوام میں بجلی کا کرنٹ ۔۔۔

پن پوائنٹ
جاوید کمیانہ

محض سیاست پر بات وہ بھی من پسند جماعت کا معترف اور مخالف سیاسی جماعت کا معترض رہنا اور عوامی مسائل کو اجاگر نہ کرنا صحافتی و معاشرتی نا انصافی ہے۔ لاکھوں قارئین روزانہ مختلف اخبارات کا مطالعہ اور کروڑوں لوگوں کی بصارت ٹی وی چینلز پر لگی ہوتی ہے مگر بصیرت سے کام چند لوگ لے رہے ہوتے ہیں۔ افلاس، مہنگائی اور بے روزگار افراد کی خودکشیوں والی خبر ہماری بے حسی پر اثرانداز بھی نہیں ہوتی اور سیاسی چٹکلے والی خبر سے لطف اندوز ہو کر نام نہاد نوابزادہ نصر اللہ خان بن جاتے ہیں۔ گزشتہ رات میری اپنے عزیز سے اوکاڑہ بات ہو رہی تھی تو وہ پریشان دکھائی دیا وجہ معلوم کی تو موصوف فرما رہے تھے کہ محض دو پنکھوں اور ایک فریج کے ساتھ پچیس ہزار روپے کا بل موصول ہوا ہے اور فقط چالیس ہزار تنخواہ سے کیسے ادا کرنا ہے سمجھ نہیں آ رہی۔ بعد ازاں ہمارے اخبار روزنامہ میرٹ نیوز کے لیے اوکاڑہ کے بیورو چیف نے ایک خبر بھیجی جو نواحی علاقے میں ایک پلمبر کی مہنگائی سے تنگ آ کر خودکشی کی تھی۔ صبح وہی خبر ہمارے اخبار کے کمپوزنگ سیکشن کے انچارج ذیشان بھائی نے مجھے بھیجی اور شدید پریشانی کا اظہار کیا اور ساتھ بتایا کہ بغیر اے سی گھر کا بل بیس ہزار روپے وصول کیا ہے۔ کچھ دیر کے بعد سوشل میڈیا پر نظر پڑی تو لوگ واپڈا کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرتے پائے گئے اس کا صاف مطلب تھا کہ عوام اپنے اندر بجلی کے کرنٹ کے جھٹکے باقاعدہ محسوس کر رہی ہے اور ہمت کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہی ہے جو نیک شگون ہے ورنہ تو ہم وہ قوم ہیں جو جوتے مارنے کے لیے بندے بڑھانے کا مطالبہ کرتی ہے اور اپنے جائز مطالبات سے دستبردار ہو جاتی ہے۔ اس محکمہ میں کمال کے احمق منصوبہ ساز موجود ہیں جنہوں سے یونٹس کی تقسیم کی سلیب ایسی بنائی ہے کہ میٹر ریڈر اپنے گھر کے مفت شدہ یونٹس عوام کی رگوں سے کھینچ پر پورے کرتا ہے مثال کے طور پر میرے اس عزیز نے رات کو بتایا کہ دو سو یونٹ پر ایک محلہ دار کو پانچ ہزار بل آیا تھا مگر وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے یونٹس ڈائری میں نوٹ کرتا تھا اور ریڈنگ والے دن کی تصویر میں دو سو یونٹ اور چھ پوائنٹس تھے مگر بل دو سو ایک یونٹس کا آتا ہے اور اگلے ایک یونٹ پر یکدم پچیس سو کا اضافہ ہو جاتا ہے اسی طرح تین سو یونٹس پر بل مختلف اور دو چار یونٹس اوپر بلے جائیں تو ہزاروں روپے کا فرق پڑ جاتا ہے۔ میرے اپنے ایک گھر میں سولر پر تمام گھر چلتا ہے مگر بجلی کا بل چالیس ہزار روپے آ جاتا ہے۔ اس صورت حال پر عوام شدید پریشان اور مطالبہ کر رہی ہے کہ پوری دنیا میں ایسا فراڈ نہیں ہوتا گی یونٹ کی قیمت تمام یونٹس پر لاگو ہوتی ہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے بے اقتدار بونوں کو اس پر سختی سے نوٹس لینا پڑے گا یہ نا ہو کے عوام کا غیض و غضب واقعی خدانخواستہ سری لنکا ہی بنا دے۔ عوام سوچنے پر مجبور ہو گئی ہے کہ خودکشی کر کے اپنی جان اور خاندان کے بقیہ افراد پر ظلم کرنے سے بہتر ہے ان ظالموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے توانائی صرف کرنی چاہیے اور اس پر نام نہاد حکومت نے سخت ایکشن نہ لیا تو عوام کی رگوں میں دوڑتا ہوا بجلی کا کرنٹ کسی کو بھی چھونے پر متاثر کر سکتا ہے اور عوام کا کو چھونے پر مجبور ہو گئی ہے اہل عقل کو اندازہ ہے۔
سفید پوش افراد کبھی پٹرول، ڈالر اور بجلی کے نرخ بڑھنے پر شدید متاثر ہو چکی ہے اور یہ طبقہ جب احتجاج کے لیے نکلے گا تو باقی عوام کو بھی شعور دے گا کہ اپنے حق کے لیے نکلو پھر اہل اقتدار کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں اس سے قبل ہی اس مشکل کو قابو کرنا ضروری ہو گیا ہے اور امید واثق ہے کہ اس عوامی پریشانی پر ارباب اختیار سنجیدگی سے نوٹس لیں گے۔۔۔

Exit mobile version