13فیصد سے زائد کورونا مثبت شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن: حکومتی تجویز
وفاقی حکومت نے تجویز دی ہے کہ مثبت کورونا کیسز کی شرح 13 فیصد سے تجاوز ہونے پر شہروں میں مکمل لاک ڈائون لگا دیا جائے گا۔ فیز ٹو میں ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 دن لاک ڈائون کی تجویز ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) اسد عمر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملاقات کی،
ملاقات کے دوران وزیرِاعظم عمران خان کو ملک میں کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووروناکا اجلاس طلب کر لیا۔
دوسری طرف ملک بھر میں کورونا وائرس کی خوفناک صورتحال کے بعد حکومت سخت فیصلے کرنے کے لیے تیار ہو گئی ہے، این سی او سی کا اہم اجلاس کل ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وفاق نے پابندیاں سخت کرنے کے بارے میں تجاویز صوبوں کو بھجوا دی ہیں۔ اور صوبوں سے رائے طلب کر لی ہے۔