منی لانڈرنگ کیس: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت منظور
لاہور ہائیکورٹ نے متفقہ طور پر منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت منظور کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا بے نامی دار ثابت کرنے کیلئے کیا اجزاء چاہئے ہوتے ہیں اور نیب نے کیا تحقیقات کیں۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ 1996ء میں سلمان شہباز نے ٹی ٹیز وصول کیں۔ اس پر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا یہ تو آپ سلمان شہباز کے متعلق بتا رہے ہیں، شہبازشریف سے متعلق بتائیں۔
جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا آپ نے بتانا ہے کہ سلمان شہباز اپنے والد کے زیر کفالت تھا اور اس دوران اس نے اثاثے بنائے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نصرت شہباز نے ماڈل ٹاؤن میں پلاٹ خریدا جو ان کے بیٹوں نے ٹیلی گرافک ٹرانسفر کی رقم سے بنایا، ماڈل ٹاؤن کے گھر کو 10 برس تک وزیراعلی کیمپ آفس قرار دیا گیا، ملزم شہباز شریف اپنی بیوی کے گھر میں 10 برس تک رہتا رہا۔