• شہباز شریف کی طوفانی رفتار

    شہباز شریف کی طوفانی رفتار

    تحریر:سلمان احمد قریشی

    شہباز سپیڈ کے نام سے مشہور وزیراعظم میاں شہباز شریف کا دور اقتدار کیسا رہا، کامیابیاں اور ناکامیاں سب عوام کے سامنے ہیں۔ سیاسی تجزیہ نگار جو بھی رائے دیں،اصل فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔میاں شہباز شریف کی حکومت ایک منفرد حکومت ہے کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آئینی طریقہ سے عدم اعتماد کے ذریعے اپوزیشن حکومت بنانے میں کامیاب رہی۔ جوڑ توڑ اور مفاہمت کے جادو سے میاں شہباز شریف اقتدار میں آئے۔ اتحادی حکومت کو چلانا ایک مشکل ٹاسک تھا۔مسلم لیگ ن کی قیادت کے پاس اقتدار میں آکر مقدمات سے جان چھڑوانے کا اس سے بہتر آپشن نہیں تھا۔میاں نواز شریف کی نااہلی کے بعد سے لیگی قیادت مقدمات کا سامنا کرتی آرہی تھی۔ چیرمین پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی قیادت ہی نہیں سب کو ٹارگٹ کیے رکھا۔ ملکی معیشت برباد کرنے کے علاوہ بہتر سیاسی ماحول قائم کرنے میں پی ٹی آئی مکمل ناکام رہی۔ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر مخالفت کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کیا۔ ہر سطح پر محاذآرائی، تقسیم اور نفرت کو فروغ دیا۔ان حالات میں شہباز شریف اتحادی حکومت قائم کرنے اور چلانے میں تو کامیاب رہے لیکن عوام کی مشکلات کم کرنے میں وہ بھی یکسر ناکام رہے۔ لیگی قیادت نے اپنے لیے آسانیاں تلاش کیں اور عوام کے لیے کچھ بھی نہ کرسکے۔
    مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل گئیں۔ ناکام ترین اور ناپسندیدہ وزیر اسحاق ڈار اپنے منصب پر قائم ودائم رہے۔ میاں نواز شریف سے عزیزداری ایسا شرف ہے جس کے نتیجہ میں لیگی رہنما بھی کچھ بول نہ سکے۔ اسحاق ڈار سرکاری جہاز میں پاکستان تشریف لائے اور مہنگائی کا عذاب ساتھ لائے۔ 9مئی جیسا دلخراش واقعہ نہ ہوتا تو آج اسحاق ڈار اور لیگی قیادت اپنی سیاست جاری نہ رکھ سکتی۔چیرمین پی ٹی آئی کی انا، ضد اور خود پسندی نے مقبول عوامی پارٹی کو غیر موثر کردیا۔پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے نام پر اتحادی حکومت کا حصہ بنی رہی۔ مہنگائی سے تنگ عوام کی آواز بلند کرنے کے لیے کوئی بھی فرنٹ لائن پر نہیں آیا۔پنجاب اور کے پی کے میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا جو آئینی تقاضا تھا۔ چیرمین پی ٹی آئی کی طرف سے اسمبلیوں کی تحلیل غلط فیصلہ تھا جس کے نتیجہ میں آئینی مسائل پیداہوئے۔سیاسی قیادت کے سامنے ایک ہی ایجنڈا تھا آئی ایم ایف اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا۔ ان تمام تر کوششوں نے عام آدمی پر عرصہ حیات تنگ کردیا۔
    قارئین کرام!ایک کریانہ فروش بل بناتے وقت پہلے بسم اللہ کے ہندسے 786 لکھتا اور نیچے بل کی تفصیل لکھ دیتا اور پھر ٹوٹل کرتے وقت 786 کو بھی جمع کر لیتا۔ اگر گاہک کو پتہ چل جاتا تو کہتا اوہو! غلطی سے بسم اللہ ٹوٹل میں شامل ہو گئی۔میں کام کو عبادت کا درجہ دیتا ہوں۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اللہ کی حمد و ثنا پڑھی اور پھر درود پاک پڑھ کر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمت بڑھا دی۔ایمانداری اور سیاست کو عبادت کا درجہ دینے والے وزیرخزانہ نے بھی ہمارے ساتھ کچھ ایسا ہی کیا جیسا کریانہ فروش کرتا تھا جسکا ذکر سطور بالا میں کیا۔آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے اشرافیہ کا بل بھی غریب آدمی کے بل میں شامل کردیا۔اب عوام ان نیک دل حکمرانوں کے ساتھ کیا کرتے ہیں اور یہ سپیڈ سٹار سیاست میں کس جگہ ہونگے انتخابات کے بعد ہی نئی ریٹنگ جاری ہوگی۔
    الغرض شہباز شریف نے واقعی بہت سپیڈ دکھائی وہ قانون سازی ہو یا بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ ہو، کیسز سے بری ہونے کا معاملہ ہو شہباز سپیڈ کا کوئی ثانی نہیں۔شہباز حکومت نے آخری ایام میں طوفانی رفتار سے قانون سازی۔کروائی 2 روز میں قومی اسمبلی سے 53 بل منظورکروائے۔قومی اسمبلی اور سینٹ کے ایوانوں سے دھڑا دھڑ بل منظور ہوئے، جبکہ ارکان پارلیمنٹ کا مؤقف ہے کہ بلز کی کاپیاں بھی ارکان کو نہیں دی گئیں۔نئی قانون سازی کے بلز متعلقہ کمیٹیوں کو بھی نہیں بھیجے گئے اور نئی قانون سازی پر ایوان میں بحث بھی نہیں کرائی گئی۔ممبران اسمبلی کی جانب سے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد بازی میں کی گئی قانون سازی کے اثرات ہوں گے۔صرف ایک روز میں قومی اسمبلی نے ایک درجن سے زائد بل منظور کیے اور بعض شقوں میں تو ایسے بل بھی پاس کروائے گئے جو ایجنڈے پر موجود ہی نہیں تھے۔ 27 جولائی کو قومی اسمبلی نے 24 بل منظور کیے جبکہ جمعہ 28 جولائی کو قومی اسمبلی نے 29 بل منظور کیے، 29تاریخ کو قومی اسمبلی سے 6 بل پاس کروائے گئے اور اسی قانون سازی کو لیکر حکومتی اراکین میں جھگڑا ہو گیا جس کی وجہ سے اسپیکر کو قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنا پڑ گیا۔نگران حکومت کی مدت کے حوالے سے بل کامسودہ ارکان کو فراہم بھی نہیں کیا گیا، اس کے علاوہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ بل بھی ایجنڈے میں شامل نہیں تھا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے بل بغیر بحث کے منظور کروائے گئے۔جماعت اسلامی کے رکن عبدالاکبر چترالی کا کہنا تھا کہ اسمبلی کی مدت ختم ہو رہی ہے تو گھوڑے پر بیٹھ کر قانون سازی کی جا رہی ہے۔اسی طرح سینیٹ کے 24 جولائی سے جاری اجلاس میں بھی اب تک 13 بل منظور کروائے جا چکے ہیں جس میں سے کچھ بل تو ایوان بالا میں براہ راست پیش کر کے منظور کروائے گئے جیسے آرمی ایکٹ ترمیمی بل، ڈی ایچ اے بل اور کنٹونمنٹ بل کو سینیٹ نے ایجنڈا میں پیش کیا اور اسی وقت منظور کر لیا۔کمال کی سپیڈ ہے شہباز سپیڈ کی۔ایسی خدمات اور کارکردگی کوئی اور حکمران نہیں دکھا سکتا۔شہباز سپیڈ کو قوم کی طرف سے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قانون سازی ہو یا قانونی شکنجے سے نکلنے کی رفتار، مہنگائی میں اضافہ ہو یا ڈالر ریٹ سب کچھ شہباز سپیڈ سے ہی ممکن ہوا۔شہباز سپیڈ کو دیکھ کرایک بات اور تسلیم کرنی پڑتی ہے کہ مسلم لیگ نواز کو مکمل یقین ہے اقتدار میں آ نے کے لیے عوامی حمایت کی قطعاً ضرورت نہیں۔

    223 مناظر