• ارشد شریف قتل کیس: سپریم کورٹ کا ایس جے آئی ٹی بنانے کا حکم

    اشتہارات
  • سینیٹ میں اپوزیشن 2 حصوں میں بٹ گئی، پی ڈی ایم سے پیپلزپارٹی کے راستے جدا

    سینیٹ میں اپوزیشن دو حصوں میں تقسیم ہوگئی، ایوان بالا میں ن لیگ، جے یو آئی اور دیگر جماعتوں نے اپوزیشن لیڈر کے انتخاب پراحتجاج کیا اوراپنے ممبران کے لیے الگ نشستوں کا مطالبہ بھی کردیا، ایوان بالامیں عام شہریوں کو مفت کورونا ویکسین فراہمی سے متعلق قرارداد منظورکر لی گئی۔
    سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ 1973 کے آئین کے تحت چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کو ختم کرنے کے لیے یہ ایوان بنایا گیا، اگر یہ احساس محرومی پہلے ختم کردی جاتی تو سقوط ڈھاکہ نہیں ہوتا۔

    قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کر کے دیکھ لیا سڑکیں ناپ کر دیکھ لیا،کوئی گیدڑ بھبکی وزیر اعظم کو انکے مقصد سے نہیں ہٹا سکتی۔

    اجلاس میں سینیٹر شفیق ترین نے کہا کہ ہم اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر ایوان میں احتجاج کر رہے ہیں، بارہ مارچ کو ایوان میں جو کچھ ہوا وہ سب کو پتہ ہے، اپوزیشن لیڈر کے انتخاب میں حکومتی ارکان سے ووٹ لئے گئے۔ اعظم تارڑ نے کہا کہ ہم 27 لوگ اپنے الگ اپوزیشن کے طور پر کردار ادا کرتے رہیں گے، ہمارے ممبران کو الگ نشستیں دی جائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان میں خفیہ کیمروں کی فرانزک تحقیقات کرائیں گے۔

    ایوان میں عام شہریوں کو کورونا ویکسین کی قرارداد فراہمی پرحکومت کی جانب سے مخالفت کی گئی۔ وزیر مملکت علی محمد نے کہاکہ اس بیماری پر سیاست نہ کی جائے۔

    سینیٹریوسف رضا گیلانی نے کہا کہ غریب آدمی کورونا ویکسین کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا یا تو کورونا ویکسین فری کردی جائے یا مارکیٹ ریٹ پر دی جائے۔ شیریں رحمان نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیسٹنگ سب سے کم ہے۔

    ایوان بالا میں قرارداد پر گنتی کے عمل کے بعد قرارداد منظورکرلی گئی، قرارداد کے حق میں 43 اورمخالفت میں 31 ووٹ آئے۔ سینیٹ نے بحث کے بعد پاکستان سنگل ونڈو بل 2021 منظور کرلیا۔

    اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آج پوری دنیا انسداد کورونا پر عمران خان کی پالیسی کی متعرف ہے، سائنس دان حیران ہیں کہ کورونا پہلی اور دوسری لہر میں کمی کیسے آئی۔ فیصل جاوید نےکہا کہ سائنس دانوں کو جواب ہے کہ کوورنا میں غریبوں کی مدد کی، ان کی دعا سے وباء پر قابو پایا، انشاء اللہ جلد تیسری لہر پر بھی قابو پالیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔

    Advertisements
    108 مناظر