Site icon Meritnews

مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر

تحریر:سلمان احمد قریشی

9مئی کے بعد سے پاکستان میں حکومتی اورعوامی سطح پربے قراری اور رنج والم محسوس کیا جاسکتا ہے۔اس دن جو کچھ ہوا نہ ہوتا تو بہت بہتر تھا۔ایک مقبول سیاسی جماعت ہجوم میں بدل گئی اور ایسے مناظر تاریخ کا حصہ بنے جو ہمیں ہمیشہ شرمسار کرتے رہیں گے۔اس دن بہت کچھ بدل گیا۔سیاست میں وفاداری تبدیل ہونا کوئی اچنبھے کی بات نہیں لیکن اس دن سیاسی جماعت کے کارکنان اور شرپسندوں نے ایسا گھناونا کھیل کھیلا کہ کپتان کے کئی کھلاڑی سیاست کو ہی خیرباد کہنے پر مجبور ہوگئے۔میڈیا پر ابھی تک اس آگ کے دھوئیں کے کالے بادل چھائے ہوئے ہیں اس سب کے دوران بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی حیثیت کے غلط استعمال کی کوشش کی۔
ایک ایسے وقت میں جب ایک جانب بھارت سری نگر میں جی 20 اجلاس کا انعقاد کر رہا تھا وہیں دوسری جانب پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی آزاد کشمیر کا تین روزہ دورہ کیا۔مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے بھارت کو سفارتی سطح پر بھرپور جواب کے ساتھ سیاسی انداز میں خوب للکارا۔جی 20کے اجلاس سے قبل ہی دنیا میں بھارت کی جگ ہنسائی ہوئی۔ بہترین خارجہ پالیسی اور حکمت عملی سے بھارت کے مقاصد پورے نہ ہوسکے۔ چین نے واضح پیغام دے کر بھارت کو مشکل میں ڈال دیا۔ تمام پاکستانی دلی طور پہ کشمیر سے جڑے ہوئے ہیں۔خطہ کا امن بھی کشمیر کے منصفانہ حل میں پنہاں ہے۔ پاکستان کبھی بھی کشمیر کے مسئلہ پر کوتاہی کا مرتکب نہیں سکتا کیونکہ یہ صرف خطہ کشمیر کا ایشو نہیں بلکہ دو اٹیمی طاقتوں کے درمیان مسلسل تنازع کی وجہ ہے۔ کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کا خاص نظریاتی تعلق ہے بھٹو سے لیکر بلاول تک اس تعلق کی جھلک نظر آتی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر اختلاف رائے پر ہی ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جماعت کی بنیاد رکھی تھی۔ آج بلاول بھٹو عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑرہے ہیں۔
قارئین کرام! چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور باغ میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ انکا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔بھارت یاد رکھے کہ وہ اپنے مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، جی 20 کے چیئرمین کی حیثیت سے بھارت اپنی پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھارہا ہے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ ہیں جو آزاد کشمیر اسمبلی سے مخاطب ہیں۔اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے بھارت کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی فورسز کے مظالم کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بھارت خود کشمیر کا معاملہ سلامتی کونسل میں لیکر پہنچا، سلامتی کونسل نے فیصلہ دیا کہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرینگے، بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزیاں کیں، وادی مقبوضہ کشمیر اس وقت کھلی جیل کی طرح ہے۔گزشتہ 7دہائیوں سے کشمیریوں کو ان کا حق نہیں دیاجارہا، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو ان کے حقوق سے دور رکھنا سراسر غیرقانونی ہے، مقبوضہ کشمیر میں گھروں کو مسمار کیا گیا، بھارتی فورسز کی جانب سے ماورائے عدالت قتل عام جاری ہے، بھارت کو قومی سلامتی کی قراردادوں پر عمل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، بھارت کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق پانچ اگست کے یکطرفہ اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہیں، لفظ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہوا پاکستان اسے نظر انداز نہیں کرسکتا۔بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ان کی اس منصفانہ جدوجہد میں ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین قومی اسمبلی کے اراکین سے زیادہ بہتر کردار ادا کررہے ہیں۔
سطور بالا میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی مصروفیات اور بیانات کا ذکر اس لیے ضروری ہے تاکہ آواز اوکاڑہ کے قارئین یاد رکھ سکیں کہ ہم بطور قوم غلطیاں تو کرسکتے ہیں لیکن کشمیر کے مسئلہ پر مصلحت کا شکار نہیں ہوسکتے۔خارجہ پالیسی میں کشمیر کو اولیت حاصل رہی ہے اور رہے گی۔اندرونی مسائل جتنے بھی ہوں پاکستانی قیادت کشمیر کے مسئلہ پر ہر آنے والے دن ایک قدم آگے کھڑی نظر آئے گی۔عالمی سطح پر پاکستان کشمیر کے پر امن حل کے لیے اپنے موقف پر قائم ہے اور رہے گا۔ پاکستانی قیادت بھارت کوطاقت اور حیثیت کے بل بوتے پرکشمیر کے قبضہ کو درست ثابت کرنے نہیں دے سکتی۔
بھارت کی ریاستی دہشت گردی مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی۔ پانچ اگست 2019 کے بعد ظلم کا نیا دور شروع ہوا ہے۔بھارت کا ایجنڈا کشمیریوں کو ان کے علاقے میں اقلیت بنانا ہے۔ پاکستان اس حوالے سے انڈیا کے اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔چین، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، انڈونیشیا اور دیگر ممالک نے بھارت کی دعوت اور ڈرامہ کو مکمل مسترد کیا اور آنے والے وفودکی حیثیت بھی اعلی سطحی نہ رہی۔جی 20ڈرامہ فلاپ ہوا۔پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔پاکستان کا موقف بڑا واضح ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔ ہمارے خواب، خوشیاں، غم اور دل کی دھڑکن ایک ہے۔کشمیر آزادی پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ عالمی امن کسی طور بھی کشمیر کی آزادی تک قائم نہیں ہوسکتا۔

Exit mobile version