
گیلانی کی چیئرمین سینیٹ کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف دائر درخواست کو نقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے
پاکستان ڈیموکریٹک کے امیدوار یوسف رضا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔ یہ اہم فیصلہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت توقع رکھتی ہے پارلیمنٹ کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائے گا۔ توقع ہے پارلیمنٹ کے مسائل پارلیمنٹ کے اندر ہی حل کئے جائیں گے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 69 کے تحت عدالت اس معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ چیئرمین کا الیکشن سینیٹ کا اندرونی معاملہ ہی ہے۔ الیکشن کا سارا عمل ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے 13 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کیخلاف درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔