مقبوضہ کشمیر: سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی
مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے۔ ضلع شوپیاں میں قابض بھارتی فوج نے مزید چار نوجوانوں کو شہید کر دیا، بھارت کے خلاف کشمیری سڑکوں پر آگئے۔
مقبوضہ وادی میں ایک اور سیاہ دن، غاصب بھارتی فوج نے جعلی مقابلے میں نہتے بے گناہ کشمیری نوجوانوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا۔ مانیہال میں ظالمانہ کارروائی میں پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا، علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔
گذشتہ ہفتے بھی ضلع شوپیاں میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا۔ بھارت کی کارروائیوں کے خلاف کشمیری گھروں سے باہر آگئے۔ غاصب فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مقبوضہ کشمیر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے پوسٹرز بھی آویزاں کر دئیے گئے۔ پوسٹرز میں قائد اعظم محمد علی جناح اور حریت رہنماؤں کی تصویریں نمایاں ہیں۔