رانا ثناء اللہ کی عید قرباں سے پہلے حکومت کے قربان ہونے کی پیش گوئی
رانا ثناء اللہ نے عید قرباں سے پہلے حکومت کے قربان ہونے کی پیش گوئی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ درست نہیں، پیپلزپارٹی پہلے بھی استعفوں کے حق میں نہیں تھی، غیر جمہوری، غیر آئینی ٹولے کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ ان کا اچھا حل تھا، استعفیٰ کا مسئلہ نہ ہوتا تو لانگ مارچ ہوتا، لانگ مارچ کا منسوخ ہونا غلط ہوا، پیپلزپارٹی پہلے بھی استعفوں کے حق میں نہیں تھی، پیپلزپارٹی سی ای سی میٹنگ میں گئی ہے، ان کے فیصلے کے بعد کوئی حل نکالیں گے، استعفوں پر اختلاف کو بیٹھ کر حل کیا جائے گا، پی ڈی ایم دوبارہ منظم ہو کر لانگ مارچ کا اعلان کرے گی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کو ہمیں جاری رکھنا چاہیے تھا، 9 پارٹیوں نے تجویز دی کہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دیئے جائیں، عید کے بعد لانگ مارچ کریں گے، حکومت کو چلتا کریں گے۔
دوسری جانب منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثناء اللہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، شریک ملزم اکرم کے پیش نہ ہونے پر فرد جرم ایک بار پھر موخر کر دی گئی۔ رانا ثناءاللہ سمیت چار ملزمان نے حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔