آدھا ایوان خالی ہوا تو پیپلز پارٹی کو استعفے دینا پڑیں گے، فضل الرحمان
حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آدھا ایوان خالی ہو گیا تو انھیں استعفے دینا پڑیں گے۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کل 10 جماعتوں میں سے 9 کی رائے تھی کہ لانگ مارچ سے قبل استعفے دینا چاہیں، مگر پیپلز پارٹی یہ معاملہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں رکھے گی پھر اپنا موقف بتائے گی۔
مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس بارے میڈیا پر چلنے والی خبروں پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجالس کی اندر کی کہانی کو افشا کرنا بد یانتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم متحد ہے، اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے، کل بھی ایسا ہوا تھا۔ ہمیں پیپلز پارٹی کے موقف کا انتظار ہے، خدا کرے انہیں سمجھ آ جائے۔ ہم پیپلز پارٹی کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتے ہیں۔