نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر زرداری نے مریم سے معذرت کرلی
سابق صدر آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف کی واپسی کے معاملے پر دیئے گئے بیان پر ان کی صاحبزادی مریم نواز سے معذرت کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں میاں نواز شریف کی واپسی کا مطالبہ کیا تو اس پر مریم نواز نے اس پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد کی جان کو خطرہ ہے، جیل میں انھیں دو ہارٹ اٹیک ہو چکے،وہ وطن کیسے واپس آئیں؟
مریم نواز شریف نے کہا کہ آصف زرداری گارنٹی دیں کہ نواز شریف کو پاکستان میں کچھ نہیں ہوگا۔ ان کا کہان تھا کہ جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی میاں صاحب بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کے اس جواب پر سابق صدر آصف زرداری نے ان سے معذرت کرلی۔
مریم نواز نے اس پر انھیں کہا کہ میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا نہیں تھا، میں نے آصفہ اور بختاور کی طرح آپ سے گلہ کیا، اس بات کو یہاں اب ختم کر دیں۔